صحت پر سیاست نہیں ہو رہی، بہنیں اپنے بھائی کی صحت پر بات کرتی ہیں، علیمہ خان
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ صحت کے اوپر سیاست تو نہیں ہو رہی، ہم تو بہنیں ہیں، بھائی کی صحت پر بات کرتی ہیں۔
راولپنڈی کے داہگل ناکے پر پولیس کے روکے جانے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ریلیف دے دیا ہے، اب بانی پی ٹی آئی اسپتال جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو ریلیف ملا ہے تو بشریٰ بی بی پر تو چارجز کمزور ہیں، انہیں تو بہت پہلے ریلیف مل جانا چاہیے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ آج نورین نیازی کی ملاقات کرائی جائے گی، صحت کے اوپر سیاست تو نہیں ہو رہی، ہم تو بہنیں ہیں، ان کی صحت پر بات کرتی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے ریلیف دیا، اب بانی اسپتال جائیں گے ہم 8 ماہ سے یہ مطالبہ کر رہے تھے، انصاف مل رہا ہے، انصاف نہ ملے تو تنقید ہوتی ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ نے یہ بھی کہا کہ آپ کو پتا ہے پہلے اسلام آباد ہائی کورٹ اور عدالتوں نے کیا کیا ہے، اس میں کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کو کس نے کہا مجھے ریلیف مل رہا ہے، ہم تو ابھی اے ٹی سی سے ہی آرہے ہیں، ابھی میرے کیس میں ہماری طرف سے گواہ پر جرح ہونی ہے۔
علیمہ خان نے کہا کہ ہم نے تو کہا تھا کل ہی کرلو لیکن انہوں نے کہا تیاری کرنی ہے، ہمیں تحریری طور پر دینےکی ضرورت نہیں، ہم نے سپریم کورٹ میں بیان دیا ہے، ہم لوگ باہر آکر میڈیا سے بات نہیں کریں گے۔




