پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر سے 15 جنوری 2027 تک کرانے کی تجویز سے اتفاق

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے دوران انتخابات کرانے کی تجویز سے اتفاق کیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تاریخ مقرر کرنے سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ جو بھی تاریخ دی جائے گی، ہم الیکشن کرا دیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ایک آئینی تقاضا ہے، الیکشن ایکٹ کے مطابق معیاد ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کرانا لازم ہے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں حلقہ بندی کا عمل مکمل ہوچکا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب بلدیاتی انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔
پنجاب کابینہ کمیٹی نے کہا کہ وسائل کی فراہمی اور سیکیورٹی انتظامات کے لیے وقت درکار ہے، بچوں کے امتحانات مکمل ہوں گے اور دھند کا مسئلہ بھی نہیں ہوگا۔
چیف سیکریٹری پنجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت مرحلہ وار انتخابات کرانا چاہتی ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا پنجاب کابینہ کمیٹی کی تجاویز مناسب ہیں، اس سے آئینی ذمہ داری پوری کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔




