میں ہوتا تو بانی پی ٹی آئی کا علاج ہوچکا ہوتا، فضل الرحمان
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی۔ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اگر میرے ہاتھ میں ہوتا تو اب تک بانی پی ٹی آئی کا علاج بھی ہوچکا ہوتا۔
مولانا فضل الرحمان کی اپوزيشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات ہوئی، تحریک تحفظ آئین پاکستان اور جے یو آئی ف کے درمیان متحدہ اپوزیشن کے قیام پر اتفاق ہوگیا، مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان کردیا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کے معاملے پر مزید مشاورت جاری رہے گی، اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ابتدائی مشاورت ہوئی ہے، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈران سے مشاورت ہوئی۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اصولی طور پر اتفاق ہوا ہے کہ ہمیں متحدہ اپوزیشن کی طرف جانا چاہیے، ہم مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، اس حوالے سے مزید مشاورت جاری رہے گی، اس پر مزید ملاقاتیں ہوں گی، امید ہے کہ اچھا آغاز ہو، اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کیلیے بھی ماحول بننا چاہیے
صحافی نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ کیا آپ پیپلز پارٹی کو ساتھ ملائیں گے؟ جس پر جواب میں سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں ہے۔
مولانا فضل الرحمان کے وفد میں کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع شامل تھے، محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور اسد قیصر موجود تھے۔




