بانی پی ٹی آئی کو آج شفا اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان، انتظامات مکمل

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آج شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیے جانےکا امکان ہے، ان کی اسپتال منتقلی کے انتظامات مکمل ہیں۔
سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو دو روز میں شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کو اسپتال منتقلی کے سوال پر کہا ہے کہ ابھی رات 12 بجے تک کا وقت ہے۔ یہ کام اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، جو بھی کرنا ہے، وہ کر رہے ہیں ۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کے لیے حکومت کے پاس رات 12 بجے تک کا وقت باقی ہے، حکم نہ ماننے پر پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی تیاری کرلی۔
پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق کل پٹیشن دائر کی جائے گی۔
تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے آج کا دن فیصلہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عدالتی حکم پر نظرِ ثانی کی درخواست واپس لے چکی۔ اب اس کے پاس بانی کی اسپتال منتقلی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔
اس سے پہلے رجسٹرار سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے حکم کے خلاف نظرِ ثانی کی درخواست اعتراضات لگا کر واپس کردی تھی۔
حکومت کی جانب سے اعتراضات دور کرکے نئی درخواست اب تک دائر نہیں کی گئی۔




