خیبر پختونخوا کی صورتحال: وزیراعظم کا صدر زرداری سے جلد دوبارہ ملاقات کا فیصلہ

پی ٹی آئی کے لانگ مارچ اور خیبر پختونخوا کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف نے صدر آصف زرداری سے جلد دوبارہ ملاقات کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا کی سیاسی، آئینی اور سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیا جائے گا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے لانگ مارچ پر مؤقف اور صوبائی معاملات پر مشاورت ہوگی۔
ذرائع کے مطابق صدر اور وزیراعظم کو خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی جائےگی، صوبے میں جاری سیاسی کشیدگی اور لانگ مارچ کے اثرات پر بھی غور کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات کی ناکامی کے اثرات پر مشاورت ہوگی۔ مذاکراتی عمل میں پیشرفت نہ ہونے کے بعد آئندہ سیاسی حکمت عملی پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا میں ممکنہ آئینی اقدامات کے قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا جائزہ لیا جائےگا۔




