وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا ازبک ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، مبارکباد دی
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ازبکستان کو ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ 27-2026ء کی چیئرمین شپ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان کی جانب سے ازبکستان کو مکمل تعاون اور معاونت کی یقین دہانی بھی کروائی۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دوران گفتگو دونوں وزرائے خارجہ نے 2027ء میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی تاریخوں اور تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار اور بختیار سعیدوف نے ایس سی او کی آئندہ سرگرمیوں کے کیلنڈر پر بھی بات چیت کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر ازبک وزیر خارجہ نے علاقائی امن اور سلامتی کے فروغ کےلیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔
ترجمان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔




