سیاسی تبدیلی، ٹیکساس میں تارکین وطن کی سہولت کیلئے نئے ضابطے متعارف
ہیوسٹن ٹیکساس (راجہ زاہد اختر خانزادہ) امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد ٹیکساس میں سیاسی تبدیلی کے اثرات فوری طور پر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور ٹیکساس میں تارکین وطن کی سہولت کیلئے نئے ضابطے متعارف کرادیئے گئے ہیں ۔میئراور پولیس چیف نے اس حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نئی ہدایات کے مطابق معمول کے سول امیگریشن وارنٹ کی بنیاد پر پولیس ICE سے خودکار رابطہ نہیں کرے گی۔تفصیلات کے مطابق امریکا میں وسط مدتی انتخابات کے بعد ٹیکساس میں سیاسی تبدیلی کے اثرات فوری طور پر سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اور امریکہ کے چوتھے بڑے شہر ہیوسٹن کے میئر جان وائٹمائر نے وفاقی امیگریشن ادارے امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے ساتھ مقامی پولیس کا تعاون محدود کرنے کے لیے ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا ہے۔نئے حکم نامے کے تحت معمولی ٹریفک خلاف ورزیوں اور ایسے غیر متشدد جرائم میں، جن میں قید کی سزا نہیں ہوتی، ہیوسٹن پولیس معمول کے مطابق وفاقی امیگریشن حکام سے رابطہ نہیں کرے گی۔ کسی شخص کی مشتبہ یا حقیقی امیگریشن حیثیت بذاتِ خود ICE سے رابطہ کرنے، حراست طویل کرنے یا پولیس تحویل میں رکھنے کی بنیاد نہیں بنےگا۔




