آج ایک معاہدے کی ڈرافٹنگ بھی ہوئی ہے: لیاقت بلوچ
نائب امیر جماعت اسلامی اور مذاکراتی ٹیم کےسربراہ لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آج ایک معاہدے کی ڈرافٹنگ بھی کی ہے۔
پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر جماعت اسلامی اور حکومت کی مذاکراتی کمیٹیوں کے درمیان میٹنگ کے بعد لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں اطراف نے آج ایک معاہدے کی ڈرافٹنگ بھی کی ہے، حکومت جواب دے گی توجماعت اسلامی اپنے آئندہ کا لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ حکومتی ڈرافٹ کے بعد وزیراعظم اورحافظ نعیم الرحمان کی ملاقات ہوسکتی ہے، ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دلوانا ہے اسی لیے مذاکرات کر رہے ہیں۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج حکومتی کمیٹی کے ساتھ بہت ہی اہم ترین مذاکراتی دور تھا، اس سے پہلے بھی مذاکرات کے 9 راؤنڈ ہوئے، آج دسواں راؤنڈ تھا۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے یہ بھی کہا کہ ہمارے سامنے عوام کو ریلیف دلانا اہم ایشو تھا، آج کے مذکرات میں دو پہلو سامنے تھے، پہلا عوام کو ریلیف دلوانا ہے، طے ہوا کہ پیٹرولیم ریلیف میں مزید وسعت لائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف سے بات کرے، ہزار سی سی تک کی گاڑیوں اور زراعت کے شعبے میں ٹریکٹرز کو شامل کیا جائے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کےلیے حکومت نے پروگرام دینا ہے، حکومت نے تسلیم کیا لیوی کا خاتمہ جائز مطالبہ ہے، عوام کو ریلیف مل سکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنی مجبوریاں بھی بتائی ہیں، حکومت اپنی عیاشیاں اور غیرترقیاتی فنڈز ختم کرنے کو تیار نہیں جبکہ ایف بی آر ٹیکس جمع کرنے میں ناکام ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پھر یہ سارا خسارہ عوام کے کی جیبوں پر بوجھ ڈال کر پورا کرتے ہیں، لیوی کا فوری خاتمہ ہونا چاہیے اور اس کا مرحلہ وار طریقہ کار ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کیا مینڈیٹ ہے وہ اچھی طرح جانتے ہیں، حالات سے ہم بھی آگاہ ہیں، عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے، حکومت اور جماعت اسلامی کی اگلی بیٹھک بدھ یا جمعرات کو ہوگی۔




