قیام امن میں افواج کا کلیدی کردار ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے مسلح افواج نے ملک میں امن و استحکام کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی متحرک قیادت میں افواج نے معرکۂ حق میں جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا۔
چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ میانوالی میں ڈوم پلیسمنٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور سماجی، اقتصادی ترقی میں فیلڈ مارشل کی حمایت قابل تحسین ہے۔
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی تقریب میں شریک تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ چشمہ 5 پاکستان کا سب سے بڑا جوہری بجلی گھر ہے، چشمہ 5 منصوبے کا مقررہ وقت سے پہلے اہم سنگِ میل عبور کرنا باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی محنت، لگن اور انتھک کوششوں سے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا، ماحول کےتحفظ کے ساتھ معاشی ترقی ہماری ترجیح ہے، چشمہ 5 منصوبہ پاکستان کےلیے صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی کی ضمانت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش پر پورا اتری ہے، چشمہ 5 ساتواں ایٹمی بجلی گھر ہے، تعمیر میں چین نے پاکستان کی مدد کی۔ چینی انجینئرز اور پاکستانی ماہرین نے شانہ بشانہ کام کیا۔




