جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے عالمی سلامتی کو یقینی بنایا جائے، جی سیون اعلامیہ
پیرس( رضا چوہدری/نمائندہ جنگ) فرانس کی میزبانی میں جی سیون ممالک کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس 9 اور 10 نومبر کو پیرس میں منعقد ہوا،مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے عالمی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، ایران پر امریکی پابندیوں، روس یوکرین جنگ، عالمی توانائی کے تحفظ اور بین الاقوامی سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اجلاس کو بتایا کہ واشنگٹن ایران پر اقتصادی دباؤ اور پابندیاں جاری رکھے گا۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، اٹلی اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی، جبکہ برازیل، مصر، سعودی عرب، جنوبی کوریا اور یوکرین کو بھی خصوصی دعوت دی گئی۔ اجلاس میں یوکرین کی مالی، دفاعی اور توانائی ضروریات، مشرق وسطیٰ میں امن، لبنان کی صورتحال، سوڈان اور افریقی بحران، بحری راستوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی پر بھی غور کیا گیا۔




