امریکی وزیر دفاع نے مواخذے کی کوشش کو سیاسی تماشا قرار دیدیا
کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی وزیر دفاع نے مواخذے کی کوشش کو سیاسی تماشا قرار دیدیا۔ ہیگسیتھ کا کہنا تھا یہ احتساب کی کوشش نہیں،ناراض اور شکست خوردہ رکن کانگریس کا ذاتی منشور ہے، مقصد انا اور ناراضی کی تسکین ہے۔ ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی نے ان کے خلاف مواخذ ے کی تحریک پیش کی ،ری پبلکن سینیٹر ٹیڈ کروزکا کہنا تھا ہیگسیتھ خود مستعفی، یاصدر انہیں ہٹادینگے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے اپنے خلاف مواخذے کی کوشش کو سیاسی تماشا قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ پینٹاگون میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ری پبلکن رکن کانگریس تھامس میسی کی جانب سے پیش کردہ مواخذے کی تحریک پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ احتساب یا نگرانی کی کوشش نہیں بلکہ ایک ناراض اور شکست خوردہ رکن کانگریس کا ذاتی منشور ہے، جس کا مقصد اپنی انا اور ناراضی کی تسکین ہے۔ ہیگسیتھ کو ایران کے ساتھ طویل جنگ کے معاملے پر بھی کانگریس میں تنقید اور سوالات کا سامنا ہے۔ اسپیکر مائیک جانسن نے بھی مواخذے کی کوشش کو توجہ حاصل کرنے کا سیاسی حربہ قرار دیا ہے، جبکہ ری پبلکن سینیٹر ٹیڈ کروز نے کہا ہے کہ ہیگسیتھ رضاکارانہ طور پر عہدہ چھوڑ دیں گے یا صدر ڈونلڈ ٹرمپ انہیں برطرف کردیں گے۔




