کوہاٹ: مسلح افراد کی پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، ڈی ایس پی سمیت 8 اہلکار زخمی
خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن کے دوران مسلح افراد نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، 8 زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ چند شہادتوں کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دریائےسندھ پر سونے کی غیر قانونی مائننگ کےخلاف آپریشن کے دوران گولڈ مائننگ ایریا گمبٹ میں پولیس اور مسلح افراد میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، زخمیوں میں ڈی ایس پی حیدر زمان، ایس ایچ او گمبٹ ایاز آفریدی بھی شامل ہیں۔
غیر قانونی گولڈ مائئنگ کے خلاف کوہاٹ پولیس نے گرینڈ آپریشن کیا، پولیس کے مطابق دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے گٹھ جوڑ سے غیر قانونی گولڈ مائئنگ جاری تھی، پولیس نفری پر تھانا گمبٹ کی حدود دربوکچ کے علاقے میں دہشتگردوں نے حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق بزدل فتنہ الخوارج اور جرائم پیشہ گھٹ جوڑ نے پولیس نفری پر چھپ کر حملہ کیا، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے تازہ دم دستے جائے وقوعہ پہنچ گئے، فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے، متعدد خارجی جہنم واصل کر دیے گئے ہیں، فتنہ الخوارج کا تعاقب جاری ہے، آخری خارجی کو جہنم واصل کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے ایک پولیس موبائل کو بھی جلا دیا۔




