13 دن بعد پہلی بار محسوس ہوا کہ تحقیقات درست سمت میں ہیں: والد میر رضا

کراچی کے نوجوان میر رضا کیس کی نئی تفتیشی ٹیم کے رکن، والدین اور وکیل جبران ناصر نے جائے وقوع کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر جبران ناصر نے کہا کہ خاندان نے اپنی مدد آپ کے تحت نشاندہی کر کے اہم مقامات پولیس کو دکھائے، میر رضا کے والدین ہر سوال پر پولیس سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
جبران ناصر نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کے دوران حاصل نمونوں کی رپورٹ کا انتظار ہے، قبر کشائی کے بعد حاصل کیے گئے نمونے فرانزک لیب بھجوا دیے گئے ہیں۔
اس موقع پر میر رضا کے والد میر حسین نے کہا کہ 13 دن بعد پہلی بار محسوس ہو رہا ہے کہ تحقیقات درست سمت میں ہیں، اگر ابتداء میں مؤثر تحقیقات ہوتیں تو کیس آج مختلف مرحلے میں ہوتا۔
میر حسین نے کہا کہ ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ میر رضا کے ساتھ اصل میں کیا ہوا، نئی تفتیشی ٹیم ہماری تمام باتیں سن رہی ہے، اس پر اعتماد ہے، انصاف کے لیے جس حد تک جانا پڑا جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حقیقت جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ واقعہ کیسے پیش آیا، میر رضا کا کچن واقعے کے مقام سے تقریباً آدھا کلو میٹر دور تھا، 3 مشکوک افراد سے متعلق معلومات پولیس کو پہلے ہی فراہم کر چکے ہیں۔
میر حسین نے کہا کہ سابق تفتیشی ٹیم نے خاندان کے ساتھ تحقیقات شیئر نہیں کیں، امید ہے نئی تفتیشی ٹیم کیس کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔




