16 اضلاع میں 45 خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات 17 مئی کو ہونگے

الیکشن کمیشن سندھ نے صوبے کے 16 اضلاع میں بلدیاتی اداروں کی 45 خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی بلدیاتی انتخابات حیدرآباد، سکھر، ٹنڈو الہٰ یار، جامشورو، مٹیاری، دادو، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، گھوٹکی، خیر پور، ٹھٹہ، بدین، سجاول، جیکب آباد، کشمور اور شکارپور میں منعقد ہوں گے۔
شیڈول کے مطابق 2 اپریل کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے جبکہ کاغذاتِ نامزدگی 6 سے 8 اپریل تک وصول اور جمع کروائے جا سکیں گے۔
امیدواروں کے کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 13 سے 15 اپریل تک ہو گی اور 16 اپریل کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 45 خالی نشستوں پر پولنگ 17 مئی کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
ترجمان کے مطابق امیدوار 30 اپریل تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے۔
4 مئی کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی جائے گی اور انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔




