پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی، عوام نے گالم گلوچ کو یکسر مسترد کر دیا، مریم نواز

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ پنجاب میں کسی بھی جگہ ہڑتال نہیں ہوئی، عوام نے منفی رویوں اور گالم گلوچ کو یکسر مسترد کر دیا۔
لاہور میں بسنت فیسٹیول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کل ایک ہڑتال کی کال آئی ہوئی تھی، اتوار کے دن کو دکانیں بند ہوتی ہیں، عوام نے انتشاری اور فسادی ٹولے کی ہڑتال کو مکمل ناکام بنا دیا، پنجاب میں زیرو ہڑتال تھی، زیرو شٹر ڈاؤن، زیرو پہیہ جام تھا، فتنہ فساد کے کلچر کو لوگوں نے مسترد کیا، پی ٹی آئی کی عیاری چلی نہیں، ارب پتیوں کی کال غریب عوام کو نقصان پہنچانے کی کال تھی، خوش آئند بات تھی کہ لوگوں نے بدتمیزی کے کلچر کو مسترد کردیا۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام کی جانب سے بسنت ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا گیا، لاہور کے عوام نے میرے اعتماد کی لاج رکھی۔ میں لاہوریوں کی خوشی دیکھ کر خوش ہوتی رہی، 25 سال بعد مناظر دیکھے کہ ہر چھت پر لوگ تھے، بسنت پنجاب کے کلچر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ترلائی دھماکے کے متاثرین کے ساتھ ہیں، دھماکے کے بعد سرکاری سطح پر بسنت تقریبات منسوخ کردیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ لاہوریوں کے چہروں پر خوشی دیکھ کر اچھا لگا، لاہور میں بسنت کی بحالی سے ثقافت بحال ہوئی، نوجوان نسل نے پہلی بار بسنت کو بہترین انداز سے منایا، میڈیا نے اس ایونٹ کو کور کیا، ان سب کا بہت بہت شکریہ، جین زی نے بسنت کو بھرپور انجوائے کیا۔



