نیویارک: محسن نقوی اور چینی وزیرِ مملکت داخلہ کی ملاقات، انسدادِ دہشت گردی اور سیکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں چین کے وزیرِ مملکت داخلہ سے ملاقات کی جس میں انسدادِ دہشت گردی کے تعاون اور پاک چین اسٹریٹجک پارٹنر شپ کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے داخلی سلامتی کے امور پر اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ بارڈر مینجمنٹ، غیر قانونی امیگریشن اور انسدادِ منشیات سے متعلق تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کی فنڈنگ کو ہر سطح پر روکنے کی ضرورت ہے، دہشت گردوں کی پشت پناہی اور فنڈنگ میں ملوث ممالک کے خلاف مل کر کام کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اسپیشل پروٹیکشن پولیس فورس قائم کی گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے شہریوں کے درمیان عوامی روابط انتہائی اہم ہیں جبکہ اس ضمن میں ویزا رجیم میں آسانی بھی ضروری ہے۔
دوسری جانب چین کے وزیرِ مملکت داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنا چاہیے۔
چینی وزیرِ مملکت داخلہ نے یہ بھی کہا کہ ویزا اور امیگریشن سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔




