پھول فروخت کرنے والی دو لڑکیوں کی بازیابی کیس، سندھ ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا

کراچی کے علاقے کلفٹن میں پھول فروخت کرنے والی دو لڑکیوں کی بازیابی کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
پولیس کی جانب سے دونوں لڑکیوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ایک لڑکی نے 3 دسمبر 2025 کو اپنی مرضی سے شادی کی تھی، لڑکی کا کہنا تھا کہ اس کو کسی نے اغواء نہیں کیا۔
عدالت نے لڑکی کے شوہر کو 10 لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا اور ہدایت کی کہ متعلقہ فورمز پر کارروائی مکمل ہونے تک دونوں لڑکیوں کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔
عدالت نے حکم دیا کہ کسی بھی فریق کی جانب سے دونوں لڑکیوں کو نقصان نہیں پہنچنا چاہیے، لڑکیوں کی عمر، ازدواجی حیثیت سمیت دیگر معاملات کا فیصلہ متعلقہ فورمز قانون کے مطابق کریں۔
عدالت نے قرار دیا کہ دوسری 9 سال کی لڑکی اگر چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی جانے پر رضامند ہو تو وہاں بھیجا جائے، چائلڈ پروٹیکشن اتھارٹی لڑکی کو مکمل تحفظ فراہم کرے۔
درخواست گزار نے عدالت میں کہا تھا کہ 12 مئی 2025 کو میری دو بیٹیاں پھول بیچنے کلفٹن گئی تھیں اور واپس نہیں آئیں۔




